اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے اور مؤثر انداز میں چلانے کا واحد طریقہ انتظامی یونٹس کا قیام ہے۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتوں کے پاس وسائل اور اختیارات منتقل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے انتظامی یونٹس کی مخالفت کرنے والوں کے بارے میں دعویٰ کیا کہ احتجاج کی وجہ اقتدار ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے سانحہ پمز سے متعلق بتایا کہ انکوائری رپورٹ میں 33 سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ رپورٹ کی روشنی میں ایک افسر سمیت 9 افراد کو ملازمت سے فارغ جبکہ 8 افراد کے خلاف فوجداری مقدمات کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق وزیراعظم نے پمز کے فائر سیفٹی سسٹم اور عمارت کے اسٹرکچر میں بہتری کے لیے تین ماہ کا وقت دیا ہے، جبکہ آئندہ 15 روز میں 176 بستروں پر مشتمل نئی ایمرجنسی فعال کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔