اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی چوری کی روک تھام اور لوڈ مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے فیڈر کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی آن اور آف کرنے کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت جس ٹرانسفارمر پر بجلی چوری ہوگی صرف اسی کو بند کیا جاسکے گا، جس سے پورے فیڈر کی بجلی بند کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیر توانائی کے مطابق ملک بھر میں ایک لاکھ 90 ہزار ٹرانسفارمرز پر آن آف سسٹم متعارف کرایا جائے گا جبکہ اس حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ نظام میں تبدیلی کا مقصد چند لاکھ صارفین کا مالی بوجھ کروڑوں دیگر صارفین پر منتقل ہونے سے روکنا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ایل این جی کارگوز کی آمد میں مشکلات کا بھی ذکر کیا۔