ایبٹ آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ’’جنگلی‘‘ نہیں کہہ سکتیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ جہاں بہن بیٹی دی ہو وہاں کے لوگوں کو جنگلی نہیں کہا جاتا، اگر ہم جنگلی ہوتے تو آج رشتے دار نہ ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خیبرپختونخوا کی بہو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری سمجھدار اور پڑھی لکھی ہیں، وہ ایسی بات نہیں کرسکتیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق وہ خیبرپختونخوا کے بیٹے ہیں اور صوبے کے حقوق کی بات پورے پاکستان میں کریں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر جتنا حق پنجاب کا ہے، اس سے زیادہ خیبرپختونخوا کا ہے کیونکہ وہ خیبرپختونخوا کی بہو ہیں۔




