کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم ہونے تک ملک بھر میں جاری دھرنے ختم نہیں کیے جائیں گے، جبکہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ اسلام آباد میں لگائے گئے کنٹینرز مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، جماعت اسلامی کے پاس پلان اے، بی اور سی موجود ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ حالات خراب کرنے کے بجائے اسلام آباد میں شہریوں کے معمولات زندگی متاثر نہ ہونے دے۔

حافظ نعیم کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فارمولا پیش کیا ہے، تاہم حکومت لیوی میں کمی کی صورت میں آمدن متاثر ہونے کا مؤقف پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات میں ٹال مٹول جاری رہی تو اپنی ٹیم کو مذاکرات ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو ٹرانسپورٹ اور ریلوے کرایوں میں ریلیف ملنا چاہیے اور کسی قسم کا لاک ڈاؤن قابل قبول نہیں ہوگا۔