اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا اور امت مسلمہ ایسے کسی حملے کا بھرپور جواب دے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مکہ مکرمہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سعودی عرب اور حرم مکہ کے تحفظ کے لیے صف اول کا کردار ادا کریں۔
مولانا فضل الرحمان نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مکہ مکرمہ کے تحفظ کے حوالے سے اپنی پالیسی کا فوری اور واضح اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو ایک مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔




