اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حفاظت پاکستان کا فریضہ ہے اور موجودہ حالات میں مکہ معاہدے پر عمل درآمد کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ مکرمہ پر حملے کی صورت میں اس کے تحفظ کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، تاہم مکہ معاہدہ پاکستان پر لاگو ہوتا ہے اور پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
وزیر دفاع کے مطابق دفاعی حکمت عملی کی تفصیلات عوامی سطح پر بیان نہیں کی جاسکتیں، تاہم پاکستان معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کا پیغام ایران تک پہنچا دیا ہے اور ان کے خیال میں ایران بطور ریاست خطے میں کوئی نیا محاذ نہیں کھولے گا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سعودی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ایک حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔ حوثی ترجمان نے مقدس شہر کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔




