اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پمز ہسپتال کی بہتری سے متعلق اجلاس میں تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پمز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے جبکہ فائر سیفٹی نظام کے لیے پی کے ایل آئی سے معاونت اور تجاویز حاصل کی جائیں۔
وزیراعظم نے ڈبلیو ایچ او کی سفارشات پر غور کرکے عملدرآمد، مریضوں کو ادویات اور سہولیات مفت فراہم کرنے اور اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پمز کی بہتری کے لیے جامع طویل مدتی لائحہ عمل مرتب کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز کے پرفارمنس آڈٹ میں جانچے گئے انڈیکیٹرز میں قابل قبول ہدف 90 فیصد کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس سامنے آئی، جبکہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں 37 مجوزہ اقدامات پر فوری عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے پولی کلینک ہسپتال کے آڈٹ اور تنظیم نو کے ساتھ سی ڈی اے کو اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں، دفاتر اور عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔




