کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں نئے اسلحہ لائسنس اور نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔ فیصلے کے تحت کوئی بھی لائسنسنگ اتھارٹی نیا اسلحہ لائسنس یا اسلحہ ڈیلرشپ کا نیا لائسنس جاری نہیں کرسکے گی۔
ترجمان کے مطابق غیر معمولی اور خصوصی کیسز میں مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بعد ہی اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی اجازت دی جاسکے گی۔ قواعد و ضوابط کے تحت ایسے کیسز میں وزیر داخلہ سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری درکار ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے تمام متعلقہ لائسنسنگ حکام کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔




