اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو پیشگی انتظامات مزید مؤثر بنانے اور بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، امدادی سامان کی ترسیل سے متعلق محکموں کے درمیان روابط بڑھائے جائیں اور این ڈی ایم اے صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مؤثر رابطہ یقینی بنائے۔