لاہور: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی کرے گی جبکہ نئے انتظامی یونٹس پر بحث بھی پارلیمنٹ میں ہو سکتی ہے۔

لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ ن میں مشاورت جاری ہے اور عوام سے بھی رائے لی جائے گی، تاہم نئے یونٹس کا معاملہ تاحال وفاقی کابینہ میں نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی ریفرنڈم کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کرے گا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف مسلح ہو کر اسلام آباد آنے کی تیاری کر رہی ہے اور اس کا احتجاج ناکام ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر شیخ قیصر کی ہر دوسرے روز وزیراعظم سے ملاقات ہوتی ہے۔