نئی دہلی: برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چینی صدر شی جن پنگ کی آمد سے قبل ان کے خصوصی صدارتی قافلے کی گاڑیاں نئی دہلی پہنچا دی گئیں، جنہیں بڑے سیاہ غلافوں میں مکمل طور پر ڈھانپ کر فلیٹ بیڈ کیریئرز پر منتقل کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر کالے غلافوں میں لپٹی گاڑیوں کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین میں خاصی دلچسپی پیدا ہوئی کہ آخر ان غلافوں کے نیچے کون سی گاڑیاں موجود ہیں اور انہیں اس انداز میں کیوں چھپایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ Hongqi N701 ہے، جو چینی صدر کے لیے استعمال ہونے والی خصوصی صدارتی لیموزین ہے اور دنیا کی انتہائی محدود معلومات رکھنے والی سرکاری گاڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔

چینی صدر کے بیرونِ ملک دوروں کے دوران خصوصی صدارتی گاڑیوں کو ساتھ لے جانا سکیورٹی اور پروٹوکول انتظامات کا حصہ سمجھا جاتا ہے، جبکہ نئی دہلی پہنچنے والی گاڑیوں کو انتہائی محتاط انداز میں منتقل کیے جانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔