کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب بھی عوامی حمایت کھوئی، تقسیم اور نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا۔ انہوں نے خالد مقبول صدیقی سے متعلق مصطفیٰ کمال کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وضاحت کی جائے کہ مصطفیٰ کمال اُس وقت جھوٹ بول رہے تھے یا آج سچ بول رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عوام کو نئے صوبوں کا لولی پوپ دینے سے پہلے کراچی میں ماضی کی سیاست کا حساب دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ سندھ خصوصاً کراچی کے عوام لسانی بنیادوں پر تقسیم کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔