ٹنڈوالہیار: ڈی ایچ کیو اسپتال ٹنڈوالہیار کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مریم رخسانہ نے مبینہ طور پر اپنے عہدے اور سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مریم رخسانہ نے اسپتال کے انتظامی معاملات میں مبینہ مداخلت کو استعفے کی وجہ قرار دیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو کی جانب سے اسپتال کے معاملات میں مبینہ طور پر غیر ضروری مداخلت کی جا رہی تھی، جس کے باعث انہیں ذہنی اور نفسیاتی دباؤ کا سامنا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مریم رخسانہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ان کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔

تاہم اس معاملے پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ استعفے کی سرکاری منظوری یا اس کی تفصیلات کی بھی متعلقہ حکام سے تصدیق ہونا باقی ہے۔