اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ انہوں نے برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ مشکل معاشی حالات کے باوجود مشاورت کے ذریعے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق ایف بی آر نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے ریکور کیے جبکہ حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب مائیکرو اکنامک سطح پر مزید بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا تاکہ معاشی استحکام اور بہتری کے ثمرات عام عوام تک پہنچ سکیں۔