لندن: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی برطانیہ سے آج پاکستان روانگی مؤخر ہوگئی ہے، جبکہ ان کی وطن واپسی کا نیا شیڈول کل جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری آج برطانیہ سے پاکستان کے لیے روانہ نہیں ہوں گے۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ صدر مملکت نے فرانس کا مجوزہ دو روزہ دورہ منسوخ کردیا ہے اور وہ برطانیہ سے براہِ راست پاکستان واپس آئیں گے۔
صدر زرداری نے فرانس میں دو روز قیام کرنا تھا، تاہم دورہ منسوخ ہونے کے بعد ان کے سفری شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں قیام کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی لندن میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔




