حیدرآباد/کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آرہی ہیں اور دو خاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں، جنہوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دی۔
حیدرآباد کے حیدر چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ لوگ نہ پہلے پاکستان سے مخلص تھے اور نہ آئندہ ہوں گے۔
ٹنڈو جام ٹول پلازا پر خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سندھ کی روایت مہمانوں کا استقبال کرنا ہے، راستے میں جتنی بھی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں وہ کراچی ضرور پہنچیں گے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک روز قبل خوش آمدید کہا گیا اور آج راستے بند کردیے گئے۔ اگر یہ سندھ حکومت نہیں کررہی تو بتایا جائے کہ اس کے پیچھے کون ہے؟
سہیل آفریدی نے کراچی کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ہمیشہ مظلوم رہا ہے اور ہر آنے والے نے شہر کو نقصان پہنچایا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔




