کراچی: نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی بحث پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئیں، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش کرے، لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ قرارداد منظور کرچکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف 8 مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سرائیکی صوبے کی حمایت کرتی ہے، لیکن انتظامی یونٹس کی بات ہو تو ’’سندھو دیش‘‘ کی بات شروع ہوجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر پیپلز پارٹی کی اس پالیسی کی تشریح کریں گے۔




