(کراچی ڈیسک)

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف، ایئر چیف اور افواجِ پاکستان نے یومِ دفاع کے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ ہیں۔ میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں جبکہ شہدا کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔

ترجمان کے مطابق مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں جبکہ پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔