(کراچی ڈیسک)
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی اور ادارہ جاتی رابطہ کاری سمیت بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔
انہوں نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے افسروں اور جوانوں کی فرض شناسی اور لگن کو بھی سراہا۔




