کراچی سے جاری بیان میں سندھ حکومت کے ترجمان گنہور خان اسران نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ڈرامے بازی اور ڈھکوسلے کی سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی وحدت سے متعلق قرارداد پیش ہونے سے پہلے ہی ایم کیو ایم ایوان سے بھاگ گئی تھی۔ اپنی خفت مٹانے کے لیے ایم کیو ایم اب بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہی ہے۔
گنہور خان اسران نے علی خورشیدی سے سوال کیا کہ تاریخی قرارداد کے وقت ایم کیو ایم ایوان سے فرار کیوں ہوئی؟ محض نعرے لگانے اور سیاسی ڈھکوسلے کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ علی خورشیدی سیاسی بیان بازی کے بجائے پارلیمانی روایات کا احترام کریں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، آئین کی بالادستی اور سندھ کی وحدت کا دفاع کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی وحدت کے معاملے پر پیپلز پارٹی کو کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کے آئینی منصب کو متنازع بنانے کی کوشش بھی قابل مذمت ہے۔
گنہور خان اسران کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی الزام تراشی کی سیاست سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔




