حیدرآباد، رپورٹ: عمران بلوچ

حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد، شیدی گوٹھ میں انور ولاز کے قریب سیوریج نالوں میں گیس پائپ لائن میں ایک بار پھر دھماکے ہوئے، جس کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق 3 مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں اور چنگاریاں بلند ہوئیں، جس کے بعد دکاندار اپنی دکانیں چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب بھاگ گئے۔ واقعے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دھماکوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں دھماکوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ قاسم آباد کے اسی علاقے میں اس سے قبل بھی سیوریج لائن میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی گیس پائپ لائن دو مرتبہ دھماکوں سے پھٹ چکی ہے، جن کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکوں سے کئی کلومیٹر سڑک کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

حالیہ دھماکوں کے باعث بھی علاقے میں کافی نقصان ہوا ہے، تاہم واقعے کی مکمل نوعیت اور نقصانات کا تعین متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جانا باقی ہے۔