کراچی: اینٹی کرپشن کراچی ڈویژن نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں کامیاب ٹریپ کارروائی کرتے ہوئے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر آفس سے وابستہ افسر آغا عدنان احمد کو مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی ایف آئی آر نمبر 22/2026 کے تحت سینئر کلرک فرید احمد شیخ کی شکایت پر کی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کراچی کامران میمن نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افسر کا ماضی بھی مختلف تنازعات اور مبینہ سرگرمیوں کے حوالے سے زیرِ بحث رہا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزم ایک عرصے میں مبینہ طور پر بیک وقت دو سرکاری ملازمتیں بھی کرتا رہا، جس کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آغا عدنان احمد کا ماضی میں لیاری امن کمیٹی/پیپلز امن کمیٹی سے وابستہ رہنے والے اور گرفتار ملزم عزیر بلوچ سے تعلق رہا، جبکہ وہ مبینہ طور پر عزیر بلوچ کے پریس ترجمان کے طور پر بھی کام کرتا رہا۔ تاہم ان دعوؤں کی حتمی تصدیق متعلقہ تحقیقات اور سرکاری ریکارڈ کی روشنی میں ہی ہوسکے گی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ ذوالفقار علی شاہ، ڈی جی اینٹی کرپشن سندھ سلیم اللہ اوڈھو اور ڈائریکٹر کراچی ڈویژن فاطمہ بشیر کی ہدایات پر کی گئی۔
گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران ملزم کی سابقہ سرکاری ملازمتوں، مبینہ طور پر بیک وقت دو عہدوں پر تعیناتی اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔




