کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (DHQ) اور تحصیل ہیڈکوارٹرز (THQ) اسپتالوں کا انتظام ایک مجوزہ سیکشن 42 کمپنی کے سپرد کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو DHQ اور THQ اسپتالوں کے انتظام کے لیے مجوزہ کمپنی کے قیام سے متعلق ادارہ جاتی، انتظامی، مالی، انسانی وسائل، قانونی اور ریگولیٹری امور کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی کو 15 روز میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کے کنوینر اسپیشل سیکریٹری (ایڈمن) محکمہ صحت ہوں گے، جبکہ محکمہ خزانہ، منصوبہ بندی و ترقی، قانون، سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام اس کا حصہ ہوں گے۔
دستاویز کے مطابق کمیٹی مجوزہ کمپنی کے قیام کے مستقل و غیر مستقل مالی اثرات، انتظامی و آپریشنل اخراجات اور حکومت پر پڑنے والے ممکنہ مالی بوجھ کا بھی جائزہ لے گی۔
کمیٹی DHQ اور THQ اسپتالوں میں تعینات BS-01 سے BS-20 تک سرکاری ملازمین اور طبی عملے کی سروس شرائط، ترقی، انتظامی و تادیبی کنٹرول، پنشن اور دیگر واجبات سے متعلق فریم ورک بھی تیار کرے گی۔
سندھ میں سرکاری اسپتالوں کا انتظام کمپنی کے سپرد کرنے کی تجویز نے صوبائی محکمہ صحت کی کارکردگی اور سرکاری شعبے کے مستقبل کے حوالے سے نئے سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔




