اسلام آباد: وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی بقا کے لیے صوبوں کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آصف زرداری قابلِ احترام ہیں، تاہم وہ اور موجودہ قیادت پیپلزپارٹی کو اس کا سابقہ سیاسی مقام واپس دلانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام مفلوج ہوچکا ہے، ملک چلانے کے لیے مربوط بلدیاتی نظام اور مؤثر انتظامی یونٹس ضروری ہیں۔ اگر جمہوریت پر یقین ہے تو اس کا اثر نچلی سطح تک بھی نظر آنا چاہیے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے طرزِ سیاست پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو تین سال سے اختیار کیے گئے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی۔ سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والی زبان سب کے سامنے ہے اور ٹیکنالوجی اتنی ترقی کرچکی ہے کہ کوئی چیز چھپائی نہیں جاسکتی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی معاملات پر موجودہ نظام میں رہتے ہوئے کہیں بھی سنجیدہ بات نہیں کی، پی ٹی آئی کے رہنما آتے ہیں تو صرف بانی پی ٹی آئی کی بات کرتے ہیں، اس طرح نظام نہیں چلتا۔
خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کے بچوں سے متعلق کہا کہ انہیں پاکستان آکر اپنے والد سے ملاقات کرنی چاہیے، کسی نے انہیں ملاقات سے نہیں روکا۔




