کراچی: سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار احمد کھوڑو کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد ایوان میں پیش کی گئی جس کی تمام موجود ارکان نے حمایت کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے ’سندھ دھرتی ماں ہے‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ قرارداد میں سندھ کی کسی بھی قسم کی تقسیم کی سخت مخالفت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ تقسیم نہیں ہوگا، قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہیں کہ سندھ کے ٹکڑے کرنے یا حصے کرنے کی بات بھی نہیں کی جا سکتی۔

مراد علی شاہ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کون دوغلاپن کر رہا ہے، جبکہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔