کراچی: جماعت اسلامی کی ہڑتال کے موقع پر کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے متعدد موٹرسائیکلوں اور ٹائروں کو آگ لگا دی، جس کے باعث اہم شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، کاروباری مراکز بند کروا دیے گئے اور کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا۔ بعد ازاں ٹریفک کی آمدورفت بحال کردی گئی۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں بدامنی، خوف و ہراس اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔




