لاہور: پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے اور آلودگی پھیلانے والی سرکاری محکموں کی گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں، کارخانوں اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں کو بھاری جرمانے کرنے، ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کمپنی کے ٹھیکے منسوخ کرنے اور کچرا جلانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
حکام کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کچرا جلانے اور آلودگی پھیلانے والوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ باربی کیو اور فوڈ اسٹریٹس سمیت ریسٹورنٹس میں ماحولیاتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کو سیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔




