لندن: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اہم قومی معاملات اور نئے صوبوں سے متعلق بحث پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ون آن ون گفتگو بھی ہوئی۔ وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو اہم پیغام پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ قومی اتفاقِ رائے کے بغیر کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری اس وقت لندن میں موجود ہیں، جہاں ان کا قیام تقریباً دو ہفتے تک جاری رہے گا۔




