کراچی اور وفاقی سول حساس ادارے نے تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب کردیا۔

کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران مبینہ نیٹ ورک کے متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے 50 کلو سے زائد آئس (کرسٹل میتھمفیٹامائن) برآمد کرلی گئی۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں نذیر سومرو، شاہد مستوئی، شیخ خالد، نور خان، گران خان اور ناصر علی سمیت دیگر شامل ہیں۔ ملزمان مبینہ طور پر آئس اور کیٹامین کو مختلف شپمنٹس میں چھپا کر اسمگل کرنے والے نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

کارروائی کے دوران مزید 10 کلو آئس کا نمونہ ڈیلیور کرنے والے 2 ملزمان محمد کامران، جو ملیر کراچی پولیس کا کانسٹیبل بتایا گیا ہے، اور عبداللہ عرف عارف کو بھی گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد ہوئے، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق شاہ جی اور وقار حسین سمیت بعض ملزمان تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ٹاسک فورس کراچی نے منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔