لاہور: پمز اسپتال کے واقعے کے چند روز بعد لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں بھی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے تمام مریض اور بچے محفوظ رہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق گائنی وارڈ میں پنکھے میں اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑکی، جس پر تربیت یافتہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق واقعے کے فوری بعد وارڈ میں موجود تمام مریضوں اور بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اسپتال انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے بعد معمولات بحال کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات پر شدید سوالات اٹھ رہے ہیں۔




