اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مبینہ قیدِ تنہائی میں رکھنے کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ سنا دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواستیں ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

عدالت نے جیل حکام کو بشریٰ بی بی سے عمران خان کی ملاقات کرانے، جیل قوانین کے مطابق خاندان سے ملاقات اور عمران خان کی اپنے بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

فیصلے میں عمران خان کو روزانہ اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے جبکہ جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور 15 روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔