مظفرآباد: محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے وادی میں آج سے مرحلہ وار انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ اور ڈی ایس ایل سروس بحال کی جا رہی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے ضلع نیلم اور ضلع حویلی کہوٹہ میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس بھی بحال کردی گئی۔

جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔ ان اداروں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق وائٹ لسٹ کیے گئے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ انٹرنیٹ کنکشن کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے راولاکوٹ اور سدھنوتی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے انٹرنیٹ سروس آئندہ دو روز میں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد محکمہ داخلہ کی جانب سے مرحلہ وار بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔