اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 30 اگست کا دن غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں ترکیہ کی تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے، جس نے جدید جمہوریہ ترکیہ کی بنیادیں مضبوط کیں۔

انہوں نے ترک عوام کے قابلِ فخر ورثے، جرات اور قومی عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان دل کا گہرا رشتہ قائم ہے۔

وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ ایمان، تاریخ اور جدوجہد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے مل کر مشترکہ سلامتی اور دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے تمام شعبوں میں پاک ترک اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔