اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بالکل فٹ ہیں اور ان کی بہن نے بھی پریس کانفرنس میں ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن کا بیان قطعی اور فیصلہ کن ہے، وہ دیگر ڈاکٹروں کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرچکی ہیں اور ان کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا گیا۔
وزیر دفاع کے مطابق عمران خان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹر کی جانب سے اطمینان بخش بیان بیرون ملک موجود پی ٹی آئی کے حامیوں کو پسند نہیں آیا۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے حامی ایسے ماحول کی ضرورت محسوس کرتے ہیں جس میں غم اور بے چینی پیدا ہو، خوف و ہراس پھیلے، بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوں اور ایسا بحران پیدا کیا جائے جو حکومت کی تبدیلی اور عمران خان کی واپسی کا باعث بن سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، تاہم صورتحال کو سنبھالنے کی کوششیں اب بھی غیر ملکی میڈیا کے ذریعے جاری ہیں، جہاں عمران خان کی صحت تیزی سے خراب ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے ان دعوؤں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق ایسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی سیاسی طور پر شدید ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔




