کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سروسز ہسپتال کراچی کی سرفراز رفیقی شہید (KMC) ہسپتال منتقلی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر اہم حکم جاری کرتے ہوئے ہسپتال کی منتقلی سے متعلق 19 اگست 2026 کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک سروسز ہسپتال کو خالی کرانے یا کسی دوسری جگہ منتقل کرنے سے متعلق تمام کارروائیاں روک دی جائیں۔ عدالتی حکم کے بعد فی الحال سروسز ہسپتال اپنی موجودہ جگہ پر ہی معمول کے مطابق کام جاری رکھے گا۔

یہ حکم ملازمین کی جانب سے دائر کردہ آئینی درخواست CP No. 5393/2026 کی سماعت کے دوران جاری کیا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 15 ستمبر 2026 کو صبح 8:15 بجے مقرر کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو بھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے ایم ایس سروسز ہسپتال، ایم ایس سول ہسپتال اور کے ایم سی کے متعلقہ ڈائریکٹرز کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

عدالتی حکم کو سروسز ہسپتال کے ملازمین کے لیے بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جنہوں نے ہسپتال کی منتقلی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔