گھوٹکی: تھانہ آندل سندرانی میں زیرِ حراست شہری کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ایس پی گھوٹکی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او قابل بھیوں کو معطل کر دیا، جبکہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر میں مبینہ طور پر ایک زیرِ حراست شہری کو لاک اپ میں برہنہ حالت میں دکھایا گیا، جس کے بعد شہریوں اور انسانی حقوق سے وابستہ حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی گھوٹکی نے ایس ایچ او قابل بھیوں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی شکایت پر تھانہ آندل سندرانی میں واقعے سے متعلق ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
مقامی شہریوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پولیس حکام کی جانب سے فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات مکمل کی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
متاثرہ شہری کے اہلخانہ نے بھی انصاف کی فراہمی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی گھوٹکی کے فوری نوٹس لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور پولیس کی وردی کسی کو قانون سے بالاتر نہیں کرتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
نمائندہ دی پوسٹ ڈیجیٹل، گھوٹکی — رانا ریاض




