کراچی: ناظم آباد کے نجی اسپتال میں زچہ بچہ کیس کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس تحقیقات اور ایم ایل او رپورٹ کے مطابق خاتون حاملہ نہیں تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون زوبیہ نے سماجی اور خاندانی دباؤ، بالخصوص بے اولاد ہونے کے طعنوں کے خوف سے خود کو حاملہ ظاہر کیا۔ خاتون کو زچگی کے لیے اسپتال لایا گیا، جہاں آپریشن کے دوران عملے کو معلوم ہوا کہ وہ حاملہ نہیں ہے، جس کے بعد اہلخانہ نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کی۔
تحقیقات میں اسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت بھی سامنے آئی۔ پولیس کے مطابق آپریشن تھیٹر منتقل کرنے سے قبل خاتون کا باقاعدہ طبی معائنہ نہیں کیا گیا اور صرف موبائل فون میں موجود الٹراساؤنڈ رپورٹ پر انحصار کیا گیا، جو مشتبہ اور غیر مستند پائی گئی۔
پولیس نے خاتون کا طبی معائنہ عباسی شہید اسپتال میں کرایا، جہاں ایم ایل او رپورٹ میں حمل ثابت نہیں ہوا۔ شوہر کی جانب سے اسپتال عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست بھی تھانہ ناظم آباد میں جمع کرادی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز، طبی رپورٹس اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں جبکہ میڈیکل کمیشن کی حتمی رپورٹ کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔




