(کراچی دیسک): برطانیہ کی جیلوں میں مسلمان قیدیوں سے متعلق نئے اعداد و شمار نے نئی بحث چھیڑ دی۔ وزارتِ انصاف کے مطابق مارچ 2025 تک انگلینڈ اور ویلز کی جیلوں میں 15,909 مسلمان قیدی موجود تھے، جن میں تقریباً 20 فیصد سفید فام ہیں۔

برطانیہ کی مجموعی مسلم آبادی میں سفید فام مسلمانوں کا تناسب تقریباً 5.8 فیصد بتایا جاتا ہے۔ اس نمایاں فرق کے باعث بعض ارکانِ پارلیمنٹ نے جیلوں میں قیدیوں پر اسلام قبول کرنے کے مبینہ دباؤ کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف مذہب اور نسل کے اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ سفید فام قیدیوں نے جیل میں داخل ہونے کے بعد ہی اسلام قبول کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حقیقت جاننے کے لیے شکایات، حفاظتی ریکارڈز اور دیگر شواہد کا غیر جانب دارانہ جائزہ ضروری ہے۔