ساہیوال، 29 اگست: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے اوکاڑہ کے قریب غربی بائی پاس پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت تسلیم حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور بیٹریاں برآمد کی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا سامان مبینہ طور پر تخریب کاری کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ گرفتار ملزم کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔




