لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے نئے اور طاقتور اسپیل کے داخلے پر پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع میں بھی تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔