کراچی: کراچی بار ایسوسی ایشن نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم کو خط ارسال کرتے ہوئے حر تحریک کے عظیم رہنما سورہیہ بادشاہ، پیر سید صبغت اللہ شاہ ثانی، کی آخری آرام گاہ کا مقام ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کے ذریعے شاہ چارلس سوم کو بھیجا گیا، جس پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ، جنرل سیکریٹری محمد ارشد شر، نائب صدر عزیر علی خان گوری اور انتظامی کمیٹی کے دیگر ارکان کے دستخط موجود ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پیر سید صبغت اللہ شاہ ثانی کو 20 مارچ 1943 کو سینٹرل جیل حیدرآباد میں برطانوی حکومت نے شہید کیا تھا۔ ان کی شہادت کو 83 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی تدفین کا اصل مقام تاحال عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔

کراچی بار نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی تاریخی و آرکائیو ریکارڈز میں موجود تدفین سے متعلق دستاویزات اور معلومات فوری طور پر منظرعام پر لائی جائیں تاکہ سندھ کے عوام، تاریخ دان، محققین اور عقیدت مند اپنے عظیم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرسکیں۔