واہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی او ایف میں مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا مشاہدہ کیا۔ انہیں فوجی سازوسامان کی مقامی تیاری، ترقی اور اپ گریڈیشن سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

دورانِ دورہ فیلڈ مارشل کو پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں پیش رفت اور دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے لیے جاری کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دو نئے صنعتی پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔