کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی تاکہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر صحت نے بتایا کہ پمز اسپتال میں بچوں کی اموات پر افسوس ہے، جبکہ سندھ کے پرانے اسپتالوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں بجلی کی پرانی لائنیں اور بریکرز تبدیل کیے جا رہے ہیں، جبکہ فائر سیفٹی کے اقدامات بھی مزید بہتر بنائے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے مطابق اسپتالوں میں فائر ڈرلز کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور آگ بجھانے کے آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری اقدامات سے متعلق بتایا کہ جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض قلب میں ملازمین کی بھرتی کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ایس آئی یو ٹی کو مزید وسعت دی گئی ہے اور چلڈرن وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی میں نیا او پی ڈی بلاک تعمیر کیا گیا ہے، ٹراما سینٹر میں ویسکولر سرجری شروع کردی گئی ہے جبکہ ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولینس ایمرجنسی سروسز اور تشخیصی لیبارٹریز کی سہولیات بہتر بنانے کے ساتھ سول اسپتال کے ماسٹر پلان پر بھی کام جاری ہے۔




