قصور: حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے 29 اگست بروز ہفتہ قصور میں مقامی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
تعطیل ڈپٹی کمشنر قصور کے ماتحت کام کرنے والے ضلعی دفاتر اور متعلقہ ضلعی سرکاری اداروں پر لاگو ہوگی۔
عرس کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں عقیدت مند شرکت کریں گے۔ تقریبات میں مزار شریف کا غسل، محفل سماع، نعت خوانی، کلامِ بلھے شاہؒ، تقاریر، تحقیقی مقالوں کی پیشکش، مشاعرہ، دھمال اور ہیر وارث شاہ گائیکی کا مقابلہ شامل ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زائرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ صفائی، صحت، بجلی، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے متعلقہ ادارے بھی الرٹ رہیں گے۔
زائرین کے لیے لنگر، رہائش اور صاف واش رومز سمیت دیگر سہولیات کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔




