کراچی: سندھ کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی ڈیجیٹل حاضری اور مانیٹرنگ کا نظام مزید وسیع کردیا گیا ہے، جس کے تحت 3 ہزار 481 سرکاری اسکول نئے ڈیجیٹل نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق وزیر تعلیم سید سردار شاہ کی ہدایت پر شروع کیے گئے نظام کے تحت ہر طالب علم کا ڈیجیٹل تعلیمی پروفائل تشکیل دیا جائے گا، جس میں حاضری، تعلیمی کارکردگی اور امتحانات کا ریکارڈ محفوظ ہوگا۔

نظام کے تحت مسلسل غیر حاضری کی صورت میں والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے الرٹس بھیجے جائیں گے، جبکہ اسکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار طلبہ کی بروقت نشاندہی بھی کی جاسکے گی۔

ہر طالب علم کو منفرد اسٹوڈنٹ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا۔ کمزور انٹرنیٹ والے علاقوں میں آف لائن حاضری کی سہولت بھی موجود ہوگی، جبکہ جیو فینسڈ حاضری اور فیشل ریکگنیشن جیسی جدید سہولیات بھی نظام کا حصہ ہیں۔

محکمہ تعلیم نے اپریل 2027 تک سندھ کے تمام سرکاری اسکولوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ مستقبل میں نظام کو نادرا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی منسلک کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔