چارسدہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، قانون نے احتجاج کا طریقہ کار متعین کر رکھا ہے، اس لیے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ تاہم قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہم ہے، جوانوں کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور عالمی معیار کا سوئمنگ پول بنانے کا بھی اعلان کیا۔