کراچی: کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایک نجی اسپتال میں زچگی کے بعد نومولود کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کا تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق خاتون گزشتہ 9 ماہ سے اسی اسپتال میں باقاعدگی سے چیک اپ، الٹراساؤنڈ اور دیگر طبی معائنے کروا رہی تھی۔ خاندان کا کہنا ہے کہ 27 اگست کو ڈلیوری کے لیے آپریشن کیا گیا، تاہم بعد ازاں ڈاکٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ بچے کی پیدائش ہی نہیں ہوئی۔
خاندان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے پاس حمل کے دوران کیے گئے الٹراساؤنڈز اور دیگر طبی ریکارڈ موجود ہیں۔ واقعے کے خلاف اہل خانہ نے اسپتال میں احتجاج کیا اور پولیس کو باقاعدہ شکایت بھی درج کرائی۔
پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ طبی معاونت اور میڈیکل لیگل آفیسر کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اگر اسپتال انتظامیہ یا کسی اور فریق کا بچے کی مبینہ گمشدگی میں ملوث ہونا ثابت ہوا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔




