لندن: لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹر نے سابق پاکستانی کپتان عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کردیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے اسکائی اسپورٹس کی نشریات کے خلاف انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) سے باضابطہ شکایت کی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں نہ بھیجنے کے آپشن پر بھی غور کیا، تاہم کچھ دیر کی تاخیر کے بعد قومی ٹیم میدان میں واپس آگئی۔

یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے موجودہ براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا، جس میں سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی صحت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔