کراچی: سندھ کی ممکنہ تقسیم کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں صوبے کی وحدت اور سالمیت کے حق میں قرارداد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوگا، جس میں سندھ کی ممکنہ تقسیم کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی پہنچیں گے، جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ کی وحدت اور سالمیت کے حق میں قرارداد پیش کی جائے گی۔ ارکان کو اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں بھی سندھ اسمبلی نے صوبے کی تقسیم اور کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی مخالفت میں قرارداد منظور کی تھی۔ قرارداد میں سندھ کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔