راولپنڈی، 28 اگست 2026: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران علاقائی و عالمی پیش رفت، پاکستان کی سکیورٹی صورتحال اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے حقائق اور تجزیے کی بنیاد پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے دوران اپنے خوشگوار تجربات کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام کی گرم جوشی، خلوص اور مہمان نوازی کو سراہا۔ طلبہ نے پاکستان میں موجود وسیع امکانات اور مواقع کی بھی تعریف کی۔




